نوجوان زندگی میں کامیابی کے لیے قائداعظم کے سنہری اصولوں "اتحاد، ایمان اور تنظیم” پر عمل کریں،وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام

پشاور۔ 25 دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سیفران، امور کشمیر و گلگت بلتستان اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کی لازوال سیاسی جدوجہد اور قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت کا ثمر ہے، اب پاکستانیوں پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ قائداعظم کے وژن کے مطابق ملک کو ایک عظیم …

پشاور۔ 25 دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سیفران، امور کشمیر و گلگت بلتستان اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کی لازوال سیاسی جدوجہد اور قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت کا ثمر ہے، اب پاکستانیوں پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ قائداعظم کے وژن کے مطابق ملک کو ایک عظیم معاشی قوت بنانے کے لیے انتھک محنت کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پشاور میں قائداعظم محمد علی جناح اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی سالگرہ کے سلسلے میں کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا. تقریب میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ قائداعظم ایک بے مثال لیڈر تھے جن کے سنہری اصول "اتحاد، ایمان اور تنظیم” قومی اور ذاتی اہداف کے حصول کےلیے ایک مکمل لائحہ عمل فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے قائد کے مشن کی تکمیل میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے عوام نے ریفرنڈم میں پاکستان کے حق میں ووٹ دیا جبکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دیں۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نےچیف آف آرمی سٹاف وچیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں 10 مئی کو دشمن قوتوں کو شکست دی اور ہندوتوا حکومت کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ اب کوئی بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا کیونکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب آپریشن بنیان مرصوص کے بعد تمام محاذوں پر پاکستان کے وقار میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے اور تمام شعبوں میں نمایاں بہتری نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ملک کو یقینی ڈیفالٹ سے بچایا اور عالمی مالیاتی اداروں کا اعتماد بحال کیا جس کے نتیجے میں پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری واپس آ رہی ہے۔

 مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر نے کہا کہ صوبے کے عوام اب اپنے مسائل کے حل کے لیے مسلم لیگ (ن) کی طرف دیکھ رہے ہیں کیونکہ یہی وہ واحد جماعت ہے جو ان کے مسائل حل کرنے اور خیبر پختونخوا کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے. انہوں نے کہا کہ ہری پور کے ضمنی انتخاب میں پارٹی کی کامیابی صوبے میں اس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی عکاس ہے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں کیے گئے ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں کو بھی اجاگر کیا۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے قائداعظم کے سنہری اصولوں "اتحاد، ایمان اور تنظیم” پر عمل کریں۔ تقریب میں وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے قائداعظم محمد علی جناح اور مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کی سالگرہ کے کیک کاٹے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں، کارکنوں اور عوام نے بھی جشن میں شرکت کی۔