صوابی۔ 27 جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر مسلم لیگ (ن)خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی لیپ ٹاپ سکیم نے ملک بھر خصوصاً خیبرپختونخوا کے پسماندہ علاقوں کے طلبہ کو جدید تعلیم اور ڈیجیٹل دنیا سے جوڑ دیا ہے، نوجوان ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو …
نوجوان سب سے قیمتی اثاثہ،پی ایم لیپ ٹاپ سکیم نے ملک بھر کے طلبہ کو جدید تعلیم اور ڈیجیٹل دنیا سے جوڑ دیا ہے، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام

مزید خبریں
صوابی۔ 27 جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر مسلم لیگ (ن)خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی لیپ ٹاپ سکیم نے ملک بھر خصوصاً خیبرپختونخوا کے پسماندہ علاقوں کے طلبہ کو جدید تعلیم اور ڈیجیٹل دنیا سے جوڑ دیا ہے، نوجوان ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو صوابی یونیورسٹی میں وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت طلبہ میں لیپ ٹاپس تقسیم کرنے کی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آج صوابی یونیورسٹی میں آپ سب کے درمیان آ کر مجھے دلی خوشی اور فخر محسوس ہو رہا ہے، یہ نوجوانوں کا اجتماع دراصل پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے کیونکہ نوجوان ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں اور آپ طلبہ اس قوم کا کل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں سب سے پہلے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی بصیرت افروز قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے ہمیشہ نوجوانوں کو قومی ترقی کا محور بنایا، وزیراعظم کی لیپ ٹاپ سکیم ایک انقلابی قدم ہے جس نے ملک بھر خصوصاً خیبرپختونخوا کے پسماندہ علاقوں میں طلبہ کو جدید تعلیم اور ڈیجیٹل دنیا سے جوڑ دیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آج صوابی یونیورسٹی کے 241 طلبہ اس سکیم سے براہِ راست مستفید ہو رہے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وفاقی حکومت نوجوانوں کے مستقبل کے لیے سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خصوصی طور پر رانا مشہود احمد خان چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جو دن رات نوجوانوں کے لیے روزگار، تعلیم، سکالرشپس اور ہنر مندی کے مواقع پیدا کرنے میں مصروف ہیں، پی ایم یوتھ پروگرام نے ملک کے لاکھوں نوجوانوں کو بااختیار بنایا ہے۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وہ فیلڈ مارشل اور وزیراعظم پاکستان کی جرات مندانہ قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جن کی قیادت میں پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر نہ صرف اپنے دفاع کو ناقابلِ تسخیر ثابت کیا بلکہ دنیا کو یہ پیغام دیا کہ پاکستان ایک مضبوط، خوددار اور پرامن ملک ہے، اس فتح کے بعد پاکستان کی بین الاقوامی ساکھ مضبوط ہوئی، عالمی سطح پر پاکستانی مؤقف کو پذیرائی ملی اور ہماری کامیاب سفارتکاری نے نئے مواقع پیدا کیے۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ صوابی یونیورسٹی کےلیے وفاقی حکومت کی جانب سے نمایاں اقدامات کیے گئے ہیں، 2015 میں وزیر اعظم محمد نواز شریف کی حکومت میں پی ایس ڈی پی کے تحت دو اکیڈمک بلاکس کی تعمیر کا منصوبہ 1001 ملین روپے سے منظور کیا گیا، ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 2023 میں اسی منصوبے کو وسعت دیتے ہوئے مزید 701 ملین روپے فراہم کیے جو وفاقی حکومت کے تعلیمی عزم کا واضح ثبوت ہے، اس کے علاوہ ہونہار سکالرشپس کے تحت صوابی یونیورسٹی کے 50 طلبہ مستفید ہو چکے ہیں جو قابلِ ستائش اقدام ہے۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ میں واضح الفاظ میں کہنا چاہتا ہوں کہ وفاقی حکومت نوجوانوں پر سرمایہ کاری کر رہی ہے مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت نے نوجوانوں کو وہ ترجیح نہیں دی جس کے وہ حقدار ہیں، صوبائی حکومت کو چاہیے کہ وہ بھی وفاقی حکومت کی طرز پر لیپ ٹاپ سکیم اور دیگر تعلیمی و فلاحی منصوبے شروع کرے کیونکہ اگر نوجوان کو نظر انداز کیا گیا تو مستقبل خطرے میں پڑ جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوابی یونیورسٹی کے کچھ جائز اور اہم مطالبات ہیں، میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ وفاقی حکومت ان مطالبات کو سنجیدگی سے دیکھے گی کیونکہ یہ مطالبات نہیں بلکہ سرمایہ کاری ہے اور یہ پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ وفاقی وزیر نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہی پاکستان کا مستقبل ہیں، آپ ہی پاکستان کی طاقت ہیں، تعلیم، تحقیق اور کردار کے ذریعے اس ملک کو آگے لے جانا آپ کی ذمہ داری ہے اور ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔







