نوجوان ملکی ترقی کےلئے خود میں فکری تبدیلی لائیں،صدر مملکت کی یوتھ پارلیمنٹ کے وفد سے گفتگو

اسلام آباد۔19ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ ملکی ترقی کیلئے خود میں فکری تبدیلی لائیں، نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کو اپنائیں ، نوجوان معیشت، تجارت اور جمہوری اقدار کی بہتری کے لئے قیادت فراہم کرسکتے ہیں ، بوائز اور گرلز سکائوٹس ، ہلال احمر اور دیگر اداروں کو مزید فعال کرنے کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ایوانِ صدر میں یوتھ پارلیمنٹ کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان خود میں فکری تبدیلی لائیں، نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کو اپنائیں ، نوجوان ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے ٹیکنالوجی کے محاذ پر ہونے والی اختراعات و ایجادات سے باخبر رہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح ملک کے نوجوانوں کو خصوصی اہمیت دیتے تھے ، قائد اعظم نوجوانوں پر فخر کرتے اور انہیں قوم کے معمار سمجھتے تھے ، نوجوا ن تمام شعبوں میں جدید ترین ہنر سیکھیں ، فکری سطح پر ہونے والی تبدیلیوں کو اپنائیں ، نوجوان معیشت، تجارت اور جمہوری اقدار کی بہتری کے لئے قیادت فراہم کرسکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آئین ہم سب کے لئے اتحاد مقصد کا فریم ورک فراہم کرتاہے ، تمام سیاسی جماعتیں اپنے اپنے منشور کے مطابق ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے پرعزم ہیں۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل اور چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مشاورت، جمہوریت اور جذبہ محنت کے ساتھ 3 کروڑ سے زائد سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بوائز اور گرلز سکائوٹس ، ہلال احمر اور دیگر اداروں کو مزید فعال کرنے کی ضرورت ہے ، نوجوان خون کے عطیات دیں تاکہ خون ذخیرہ کرنے ، جان بچانے کیلئے خون فراہم کیا جا سکے، خواتین اور نوجوان حکومت کی اعلان کردہ سکیموں اور مراعات سے مکمل طور پر مستفید ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ پارلیمنٹ کے ممبران سی پی آر اور ابتدائی طبی امداد میں مہارت حاصل کریں ۔

یوتھ پارلیمنٹ کے بانی چیئرمین رضوان جعفر نے یوتھ پارلیمنٹ کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس میں ملک بھر سے نوجوان لیڈرز کی نمائندگی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ پارلیمنٹ کے تمام اراکین سیلاب زدہ علاقوں میں متعلقہ سٹیک ہولڈرز، انتظامیہ اور دیگر اداروں سے مل کر امدادی کاموں اور عطیات اکٹھے کرنے میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔ اس موقع پر صدر مملکت نے یوتھ پارلیمنٹ کے 17 سال مکمل ہونے پر یوتھ لیڈرز کو یادگاری سووینیئر ز دیئے۔