پنجاب انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (ای پی اے) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت جاری اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں،
ڈی جی ای پی اے پنجاب کا وزیراعلیٰ کے صاف، سرسبز اور صحت مند پنجاب کے وژن کو خراج تحسین
اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):پنجاب انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (ای پی اے) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت جاری اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، جن میں جدید ماحولیاتی طرزِحکمرانی، صاف پیداوار کے طریقے، مربوط نفاذ اور صوبہ بھر میں صفائی مہمات شامل ہیں جن کا مقصد عوامی صحت اور صفائی کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔
اتوار کوپی ٹی وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے وزیر اعلی مریم نواز کے صاف، سرسبز اور صحت مند پنجاب کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت ٹیکنالوجی پر مبنی اصلاحات اور مؤثر نفاذ کے ذریعے ماحولیاتی بہتری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ فضائی معیار کو بہتر بنانے کے لیے سائنسی نگرانی، متعلقہ اداروں کے ساتھ مؤثر رابطے اور آلودگی کے ذرائع کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔ اینٹوں کے بھٹوں کو زیگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے سے بھی اخراج میں کمی اور ماحولیاتی معیار میں بہتری آئی ہے۔ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ماحولیاتی نظم و نسق میں جدید ٹیکنالوجی کے کردار پرروشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ڈیٹا پر مبنی نگرانی کے نظام کی بدولت خلاف ورزیوں کی نشاندہی اور ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام شہروں اور دیہی علاقوں میں صفائی کو فروغ دے رہا ہے جبکہ کچرا پھینکنے، غیرقانونی ویسٹ ڈمپنگ اور دیگر ماحولیاتی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں شہریوں کے لیے زیادہ صحت مند اور پائیدار ماحول کی تشکیل میں معاون ثابت ہو رہی ہیں۔ڈی جی ای پی اے نے کہا کہ عالمی ادارے،بشمول ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور اقوام متحدہ، پنجاب میں ٹیکنالوجی پر مبنی ماحولیاتی حل اور ان کے مؤثر نفاذ کا مشاہدہ کر رہے ہیں جو عالمی ماحولیاتی معیار اور پائیدار طرزِ حکمرانی کے لیے صوبے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ فضائی آلودگی میں کمی، ویسٹ مینجمنٹ اور صنعتی ضوابط کے شعبوں میں پنجاب کا طریقۂ کار سائنسی اصولوں سے ہم آہنگ ہو رہا ہے، جبکہ مسلسل نگرانی اور نفاذ کے ذریعے اہم ماحولیاتی اشاریوں میں قابلِ پیمائش پیش رفت حاصل کی جا رہی ہے۔ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے مزید کہا کہ عالمی اداروں کی جانب سے ملنے والی توجہ اور اعتراف اس بات کا ثبوت ہے کہ پنجاب ماحولیاتی تحفظ اور جدید طرزِ حکمرانی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت صوبے کے ایک ذمہ دار اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ماحولیاتی نظامِ انتظام کی جانب بڑھنے کی علامت ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف مسلسل پلاسٹک فری پنجاب کے وژن کو فروغ دے رہی ہیں اور صوبے بھر میں سبز اقدامات کی مکمل حمایت کر رہی ہیں۔ ان کی قیادت میں پلاسٹک کے استعمال میں کمی اور ماحول دوست متبادل کے فروغ کے لیے پالیسیوں کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔ڈی جی ای پی اے نے کہا کہ موجودہ حکومت ماحولیاتی تحفظ کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے، جس کے تحت صاف ستھرے شہر، بہتر ویسٹ مینجمنٹ اور طویل المدتی ماحولیاتی پائیداری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اب غیرمتوقع موسمی حالات، ژالہ باری، گرد آلود طوفانوں اور ہیٹ ویوز کی بڑھتی ہوئی شدت کی صورت میں واضح ہو رہے ہیں جس سے نمٹنے کے لیے مسلسل ماحولیاتی اقدامات اور مؤثر تیاری ناگزیر ہے۔









