صوبائی وزیر بلدیات پنجاب کا ڈسکہ کا دورہ،بارشی پانی کی نکاسی کے انتظامات کا جائزہ لیا

"وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر مون سون کے دوران بارشی پانی کی بروقت نکاسی اور شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔” — ذیشان رفیق

سیالکوٹ۔ 25 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر مون سون اسپیل کے دوران صوبائی وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے ڈسکہ کے کالج چوک کا دورہ کیا اور بارشی پانی کی بروقت نکاسی کے لئے کئے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق، اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سعدیہ جعفر، ایم ڈی واسا فیصل شہزاد، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ڈسکہ سلمان احمد، سب انجینئر کبیر اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔صوبائی وزیر نے مختلف مقامات پر جاری نکاسیٔ آب کے آپریشن کا معائنہ کیا اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بارشی پانی کی بروقت نکاسی کے لیے جاری اقدامات میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ذیشان رفیق نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی فیلڈ ٹیموں کے ہمراہ مکمل طور پر متحرک رہیں، حساس اور نشیبی علاقوں کی مسلسل نگرانی کریں اور عوام کو ہر ممکن ریلیف کی فراہمی یقینی بنائیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق مون سون کے دوران شہریوں کو بہترین شہری سہولیات کی فراہمی، بارشی پانی کی بروقت نکاسی اور معمولاتِ زندگی کی بلا تعطل بحالی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔