نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، آئندہ پانچ سال میں زراعت،آئی ٹی، معدنیات اور توانائی کے شعبوں کو ترقی دیں گے، شہباز شریف

157
Prime Minister Muhammad Shahbaz Sharif
Muhammad. Shahbaz Sharif's

لاہور۔11اکتوبر (اے پی پی):سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں،ان کا مستقبل ہمیشہ صرف نواز شریف نے سنوارا ہے۔نوجوانوں کے نام اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کو ترقی دے کر پاکستان کی غربت کم کریں گے۔نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہی نوجوانوں کو روزگار، تعلیم، ہنر اور امید کے تحفے دیئے۔2013 سے2018 میں نواز شریف نے نوجوانوں کے لئے 20 ارب روپے کا پانچ سالہ تاریخی وزیراعظم یوتھ پروگرام شروع کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 68 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے،نوجوانوں کی اس غالب آبادی کو سنوارنا ہے، پڑھانا اور ہنرمند بنانا ہے، یہ صرف ہم کر سکتے ہیں۔

دانش سکول جس طرح غریب اور محنتی طالب علموں کی زندگی بدل رہے ہیں،اب ان کا دائرہ پورے پاکستان تک پھیلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہر نوجوان کو لیپ ٹاپ دیں گے تا کہ ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا انقلاب لائیں۔ 2024 سے 2029 تک زراعت،آئی ٹی، معدنیات اور توانائی کے شعبوں کو خاص طور پر ترقی دیں گے،اگلے پانچ سال میں معیشت کو پائوں پر کھڑا کریں گے،مہنگائی سے عوام کو نجات دلائیں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کو اس قابل بنائیں گے کہ وہ اپنا کاروبار کریں،نوکریاں دینے والے بنیں،نوجوانوں کو ہند مند بنائیں گے، ان کے لئے بیرون ملک روزگار کا بندوبست کریں گے۔