وفاقی وزیر غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے نورین نیازی کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے معرکۂ حق سے متعلق بیان نے بانی پی ٹی آئی کی اصل ذہنیت کھول کر سامنے رکھ دی ہے۔
نورین نیازی کا بیان بانی پی ٹی آئی کی اصل ذہنیت ظاہر کرتا ہے، رانا تنویر حسین

مزید خبریں
اسلام آباد۔19جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے نورین نیازی کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے معرکۂ حق سے متعلق بیان نے بانی پی ٹی آئی کی اصل ذہنیت کھول کر سامنے رکھ دی ہے۔ وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے جاری بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ مودی کی تعریفیں کرنا اور بھارت کو سپر پاور قرار دینا، بانی پی ٹی آئی کے خاندان کے ملک دشمن بیانیے کی عکاسی کرتا ہے۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان کے دشمن بھارت کے مؤقف کی حمایت کر کے بانی پی ٹی آئی کا پورا خاندان سیدھا سیدھا ملک دشمنی پر اتر آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاک فوج کی فتح کو پوری دنیا میں پذیرائی ملی جبکہ بھارت نے اپنی شکست تسلیم کی۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ بھارتیوں سے بڑھ کر بھارت سے وفاداری نبھانے والی نورین نیازی نے اپنے بھائی بانی پی ٹی آئی کا مؤقف پیش کیا ہے، نورین نیازی کے بیان کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، بانی پی ٹی آئی کا خاندان براہ راست ملک دشمنی پر اتر آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کی فتح کو ملی بھگت قرار دینا قومی مفاد سے کھلواڑ ہے، جب بھارت دنیا بھر میں اپنی شکست کا دفاع نہ کر سکا تو بانی پی ٹی آئی کی بہن کا بھارت کی شکست کا دفاع کرنا معنی خیز ہے۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ اس بیان کے بعد بانی پی ٹی آئی اور ان کے خاندان کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آشکار ہو گیا ہے۔







