نوشہرہ پولیس کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری ، مختلف مقدمات میں مطلوب 2227 مجرمان گرفتار کئے گئے

146

پشاور۔ 03 جنوری (اے پی پی):نوشہرہ پولیس کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے ۔ترجمان نوشہرہ پولیس کےمطابق گزشتہ سال ضلع بھر میں سماج دشمن عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران قتل،اقدام قتل ڈکیتی، راہزنی اور دوسرے سنگین مقدمات میں مطلوب 2227 مجرمان اشتہاری گرفتار کئے گئے۔

ڈی پی او نوشہرہ ناصر درانی نے کہا کہ جرائم کی شرح میں کمی کےلئے نیشنل ایکشن پلان پر عملد رآمد کو یقینی بنا کر روزانہ کی بنیاد پر سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ نوشہرہ پولیس نے مجرمان اشتہاریوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران159 کلاشنکوف ، 43رائفل ، 155 بندوق ، 2522 پستو ل اور 34064 کارتوس برآمد کئے۔نوجوان نسل کو نشے کی لت میں مبتلا کرنے والے منشیات فروشوں اور سمگلرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 1995 منشیات فروشوں کو جیل بھیج دیاگیا ،جن سے 1961 کلوگرام چرس،38.5 کلو گرام ہیروئن، 329 کلوگرام افیون او 206 کلوگرام آئس برآمد کی گئی ۔

انہوں نے کہا کہ جرائم میں ملوث مختلف گروہوں کےملزنان کو گرفتار کرکے 2 کروڑ 92 لاکھ 36 ہزار900 روپے نقد ،11 کاریں ،61 موٹر سائیکلیں اور 107 موبائل فونز متاثرہ لوگوں کو واپس کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ ہوائی فائرنگ کرکے معصوم جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے 346 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے چالان عدالت کئے گئے،امن و امان کی صورت حال برقرار رکھنے کے لئے 16679 افراد کے خلاف انسدادی کارروائیاں جبکہ 18420 مشتبہ افراد اور 1321غیر قانونی رہائش پذیر افراد کےخلاف قانونی کارروائیاں عمل میں لائیں گئی۔

ڈی پی او نوشہرہ نے کہا کہ ٹریفک اصلاحات اور بہترین ٹریفک مینجمنٹ کے ثمرات عوام تک پہچانے کےلئے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کےخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر1لاکھ 55 ہزار 960 گاڑیوں کو چالان کرکے 7 کروڑ 81 لاکھ 50 ہزار روپے سرکاری خزانے میں جمع کئے گئے،ان چالانز میں 1058 کالے شیشوں والے ،6896 بغیر ڈرائیونگ لائسنس اور 1129 موٹرسائیکل پر ون ویلنگ کرنے والے بھی شامل ہیں۔

پولیس اسٹنس لائن پال سے عوام کو سہولیات دیتے ہوئے 15871 افراد کو کلیئرنس سرٹیفیکٹ جاری کئے گئے۔2510 کرایہ داروں اور 330 غیر ملکیوں کی انٹری سمیت 488 افراد کی قانونی راہنمائی جبکہ 622 خواتین کے مسائل حل کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کےلئے تھانوں کی سطح پر قائم کردہ ڈی آر سیزکے ذریعے عوام کے مسائل کو احسن طریقے سے حل کرکے اُن کا وقت اور پیسہ دونوں بچایا گیا۔