لاہور۔15جنوری (اے پی پی):نولکھا پریسبیٹیرین چرچ آف پاکستان کا32 واں سالانہ جنرل اسمبلی اجلاس بدھ کے روز لاہور میں منعقد ہوا۔اجلاس میں متفقہ طور پر عارف سراج ،جاوید گل کو ماڈریٹر اور ڈاکٹر مجید ایبل کو ایگزیکٹو سیکرٹری جنرل اسمبلی منتخب کرلیا گیا۔ اس موقع پر سابق سینیٹر کامران مائیکل ، سابق ریکٹر ایف سی کالج ریورنڈ جیمز ہیٹی، آغا صغیر عباس ورک ، کامران پرویز چوہدری،علامہ قاری خالد محمود ،پریسبیٹرین ماڈریٹرزاورکلیسیا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سینیٹر کامران مائیکل نے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ پریسبیٹیرین طبی و تعلیمی اداروں کی خدمات قابل ستائش ہیں، انہوں نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب عہدیداران آپس میں بھائی چارے اور محبت کو فروغ دیں گے ۔ چیئر مین کل مسالک بورڈ عاصم مخدوم نے کہا کہ امید ہے نولکھا چرچ سے انٹرفیتھ کو ایسے ہی فروغ دیا جاتا رہے گا۔
ڈاکٹر مجید ایبل نے کہا کہ پاسبان کا کردار نہایت عمدہ رہا ہے اور اس طرح کی تقریبات سے باہمی اختلافات کو دور کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے تمام پریسبیٹیرین ماڈریٹر ز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور اسرائیل کی فلسطین کے خلاف جنگ کے خاتمہ ،تمام عالم میں امن کے قیام اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی۔