نولکھا پریسبیٹیرین چرچ میں کرسمس کی شاندار تقریب کا انعقاد

146
Christmas
Christmas

لاہور۔21دسمبر (اے پی پی):لاہورکے نولکھا پریسبیٹیرین چرچ میں کرسمس کے حوالے سے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور ، سابق صوبائی وزیر انسانی حقوق خلیل طاہر سندھو ، معروف گلوکار وارث بیگ ، ڈائریکٹر انسانی حقوق ڈاکٹر محمد یوسف ،مختلف بشپس ، ماڈریٹرز اور نولکھا چرچ سے منسلک افراد کے اہلخانہ کے ہمراہ مسیحی برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

تقریب کی میزبانی کرتے ہوئے پاسٹر ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل نے کرسمس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہر مذہب میں امن و محبت کا درس موجود ہے تاہم قومی پرچم کے سائے تلے ہم سب ایک ہیں۔ تمام مقررین نے ہمیشہ کی طرح شاندار تقریب کے انعقاد پر ڈاکٹر مجید ایبل کو مبارکباد پیش کی۔ چوہدری محمد سرور نے اپنے خطاب میں کہا کہ اپنے دور میں مسیحی طلبا کے لئے ہمیشہ گورنر ہائوس کے دروازے کھلے رکھے اور مشنری سکولوں کی واپسی کو یقینی بنایا۔ خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ دکھ بانٹنے سے کم جبکہ خوشی بانٹنے سے بڑھتی ہے ۔

ڈائریکٹر انسانی حقوق پنجاب محمد یوسف نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلا شبہ آج بین المذاہب ہم آہنگی کی بہترین مثال قائم ہورہی ہے۔ تقریب میں بچوں کی جانب سے مختلف خاکے اور مختلف قسم کے گیت بھی پیش کئے گئے۔ تقریب میں فلسطین اور غزہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔تمام مقررین نے پاکستان میں امن قائم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر مجید ایبل نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کرائی اور سب نے ملکر کرسمس کیک بھی کاٹا۔