نوویک جوکووچ آسٹریلین اوپن مینز سنگلز کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

میلبورن۔24جنوری (اے پی پی): سربیا کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار ، عالمی نمبر پانچ اور نو بار کے آسٹریلین اوپن چیمپئن نوویک جوکووچ اپنی فتوحات کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے آسٹریلین اوپن مینز سنگلز ایونٹ کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ گئے ۔ 35 سالہ سربین ٹینس سٹا کو اب دسویں مرتبہ آسٹریلین اوپن کا ٹائٹل جیتنے کے لئے مزید تین فتوحات کی ضرورت ہے۔ نوویک جوکووچ نے پری کوارٹر فائنل میچ میں ہوم فیورٹ الیکس ڈی مینور کوہرا کر میگا ایونٹ سے باہر کر دیا ۔

آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے میلبورن میں جاری ہیں ۔مردوں کے سنگلز مقابلوں کے چوتھے راؤنڈ میں عالمی نمبر 5 سربیا کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹارنوویک جوکووچ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان حریف ٹینس کھلاری الیکس ڈی مینور کو سٹریٹ سیٹس میں 2-6، 1-6 اور 2-6 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ۔اس فتح کے بعد سربین سٹار 13ویں بار آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل میں پہنچے ہیں اور میگا ایونٹ کے مینز سنگلز کوارٹر فائنل میچ میں ان کا مقابلہ روسی ٹینس سٹار آندرے روبلوف سے ہوگا۔