پیرس۔2نومبر (اے پی پی):سربیا کے بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار ، عالمی نمبر ایک اور ایونٹ کےٹاپ سیڈڈ نوویک جوکووچ اور یونان کے نامور ٹینس سٹار سٹیفانوس سیٹسیپاس اے ٹی پی پیرس ماسٹرز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کے پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ گئے ۔36 سالہ سربین سٹار نے مینز سنگلز دوسرے رائونڈ میں ارجنٹائن کے ٹامس مارٹن ایچیوری کو شکست دی جبکہ سٹیفانوس سیٹسیپاس نے دوسرے رائونڈ میں کینیڈین حریف کھلاڑی فیلکس اوجرالیاسائم کو ہرا کر ٹاپ 16 رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔
اے ٹی پی کے زیر اہتمام ماسٹرز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جاری ہے۔ مردوں کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میں 36 سالہ سربین ٹینس کھلاڑی نوویک جوکووچ نے عمدہ کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے ارجنٹائن کے ٹامس مارٹن ایچیوری کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 2-6سے شکست دے کر نہ صرف ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کیا بلکہ تیسرے رائونڈ کے لئے بھی کوالیفائی کرلیاجہاں ان کا مقابلہ نیدرلینڈز کے ٹیلون گریکسپور سے ہوگا۔
ایک اور میچ میں یونانی ٹینس کھلاڑی سٹیفانوس نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف کینیڈین کھلاڑی فیلکس اوجر الیاسائم کو ٹائی بریک پر سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 6-7(4-7) سے ہرا کر ٹاپ 16 رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔سٹیفانوس کا ٹاپ 16 رائونڈ میں مقابلہ جرمن حریف کھلاڑی الیگزینڈر زویروف سے ہوگا۔