نوویک جوکووچ نے پانچویں مرتبہ پیرس ماسٹرز اوپن ٹینس ٹورنامٹ جیت لیا

87

پیرس ۔ 4 نومبر (اے پی پی) سربیا کے بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک ٹینس سٹار نوویک جوکووچ نے پیرس ماسٹرز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ انہوں نے فائنل میں کینیڈین حریف ڈینس شاپووالو کو شکست دیکر رواں سال کو پانچواں اور مجموعی طور پر کیریئر کا 77 واں اے ٹی پی ٹائٹل اپنے نام کیا۔ فرانس میں جاری اے ٹی پی ایونٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز فائنل میچ میں سربین ٹینس سٹار نوویک جوکووچ کا مقابلہ کینیڈا کے ڈینس شاپووالو سے تھا جس میں جوکووچ نے روایتی کھیل پیش کرتے ہوئے حریف کینیڈین کھلاڑی شاپووالو کو بالکل بے بس کر دیا۔ انہوں نے حریف کھلاڑی کو سٹریٹ سیٹس میں 6-3 اور 6-4 سے شکست دیکر پانچویں مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان میچ ایک گھنٹہ اور پانچ منٹ تک جاری رہا۔ ٹورنامنٹ جیتنے کے بعد سربین عالمی نمبر ایک ٹینس سٹار نوویک جوکووچ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اس کامیابی پر بہت خوش ہیں اور مستقبل میں بھی اپنی عمدہ کارکردگی کا برقرار رکھتے ہوئے مزید فتوحات حاصل کریں گے۔