نوکنڈی۔ماشکیل روڈ منصوبہ سے علاقہ میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، مراد سعید

84

اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ نوکنڈی ۔ ماشکیل روڈ منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو 103 کلومیٹر طویل نوکنڈی۔ماشکیل شاہراہ کے سنگ بنیاد کی ورچوئل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا سنگ بنیاد وزیر اعظم عمران خان نے رکھا ہے۔ انہوں نے اس منصوبے کو زندگیاں بچانے والا رابطہ قرار دیا اورکہا کہ صوبہ بلوچستان کے لئے نوکنڈی۔ ماشکیل شاہراہ ایک اہم منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف معاشی راہداری بلکہ ایک معدنی راہداری کا منصوبہ بھی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے لوگوں کو اسپتالوں ، روزگار اور معاشی مواقعوں تک آسانی سے رسائی ملے گی۔ وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ معاشرے کے محروم طبقے کی ترقی کے لئے وزیر اعظم کے وژن کا حصہ ہے۔ مراد سعید نے اعلان کیا کہ اگلے ہفتے ملتان۔لودھراں موٹر وے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 20 دن بعد سیالکوٹ۔کھاریاں فیز۔I پر بھی کام شروع کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کے اندر ہیکھاریاں۔راولپنڈی منصوبے پر بھی کام کا آغاز کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے پانچ سال میں صرف 645 کلومیٹر سڑکیں تعمیر کیں ، جبکہ ہماری حکومت نے اڑھائی سالوں میں 1753کلو میٹر سڑکوں کے منصوبے مکمل کئے ہیں۔

مراد سعید نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ملک میں 15 میگا روڈ منصوبوں پر کام شروع کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوات موٹر وے فیز 2 کا افتتاح رواں سال جولائی میں ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد۔سکھر 300 کلومیٹر موٹروے پراجیکٹ کا آغاز ستمبر میں کردیا جائے گا جو صوبہ سندھ کے لئے بہت اہم منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ اعلی ٰمعیار کا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگلا منصوبہ بلکسر۔میانوالی، میانوالی۔مظفرگڑھ ہائی وے ہے جس کا افتتاح اگلے دو یا تین ماہ میں ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دیر موٹروے اسی مدت میں مکمل ہوگی جس سے علاقہ میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ راجن پور۔شکارپور روڈ منصوبے کا افتتاح بھی رواں سال میں کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی خود انحصاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اڑھائی سال میں این ایچ اے کی آمدنی میں 105 فیصد اضافہ کیا گیاہے، انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال 20 ملین روپے کی وصولیاں کی گئی ہیں۔

مراد سعید نے کہا کہ اس سال شروع ہونے والی سیالکوٹ۔کھاریاں اور کھاریاں۔ راولپنڈی موٹرویز کے ذریعے جی ٹی روڈ کو موٹر وے نیٹ ورک سے منسلک کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اور نجی شراکت کے ذریعے اور ایک نئے وژن کے تحت ملک بھر میں سڑکوں کا جال بچھایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبے کم ترقی یافتہ ان علاقوں میں شروع کئے جارہے ہیں جنہیں ماضی کی حکومتوں نے نظر انداز کیا تاکہ ان علاقوں میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔