اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیربرائے قومی غذائی تحفظ وتحقیق ڈاکٹرکوثرعبداللہ ملک نے کسانوں کے مسائل کوترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کا یقین دلاتے ہوئے کہاہے کہ کسانوں کے استحصال کے خاتمہ اور کسانوں کو منڈی میں ان کی فصلوں کی مناسب نرخ دینے کیلئے تمام ترکوششوں کویقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں پاکستان کسان اتحاد کے سربراہ خالد محمود کھوکھر سے ملاقات میں کہی۔ خالد محمود کھوکھرنے وفاقی وزیر کو وزارت سنبھالنے پر کسانوں کی سب سے بڑی نمائندہ جماعت کی طرف سے مبارکباد دی اور انہیں ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ نگراں حکومت کی توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ کسانوں کا استحصال نہ ہو اور انہیں منڈی میں فصلوں کے مناسب نرخ ملیں ۔خالد محمود کھوکھر نے یوریا کی دستیابی اوربلیک مارکیٹنگ سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ربیع کے آغاز پر اس سے گندم کی بوائی اور پیداوار پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں ۔
انہوں نے کسان اتحاد کی جانب سے کسانوں کے بجلی کے واجبات کی قسطوں میں چار سال کے اندر ادائیگی کی تجویز پیش کی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت اس ضمن میں ہرممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں اور کاشتکاروں کے جائز مطالبات کو پورا کرنے کیلئے اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں۔