نگران دور حکومت میں جمہوریت اور آزادی اظہار رائے کو فروغ دینے کے لئے کام کیا،کوشش کی کہ عوام کو درست اور صحیح معلومات فراہم کی جائیں،مرتضیٰ سولنگی

44
Murtaza Solangi
Murtaza Solangi

اسلام آباد۔2مارچ (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات،نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ نگران دور حکومت میں جمہوریت اور آزادی اظہار رائے کو فروغ دینے کے لئے کام کیا،کوشش کی کہ عوام کو درست اور صحیح معلومات فراہم کی جائیں۔

ہفتہ کو نگران وزیر اطلاعات ونشریات مرتضی سولنگی کے اعزاز میں وزارت اطلاعات و نشریات میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیاگیا۔وزارت کی جانب سے نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے نگران دور میں وزارت اطلاعات و نشریات کے حکام اور عملے کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران بحیثیت وزیر اطلاعات اپنے فرائض انجام دینے کا موقع ملنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں۔

وزارت اطلاعات کا قلمدان میرے لئے بہت بڑا اعزاز اور ذمہ داری تھی۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نگران دور حکومت میں جمہوریت اور آزادی اظہار رائے کو فروغ دینے کے لئے کام کیا،میں نے کوشش کی کہ عوام کو درست اور صحیح معلومات فراہم کی جائیں۔وزارت اطلاعات میں محنتی اور قابل افسران موجود ہیں۔مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ میں وزارت کے تمام اداروں کے سربراہان کا بھی مشکور ہوں جنہوں نے نگران دور حکومت میں مجھے بھرپور تعاون فراہم کیا،امید کرتا ہوں کہ میرے بعد آنے والے وزیر اطلاعات بھی جمہوریت اور آزادی اظہار رائے کو فروغ دینے کے لئے کام کرتے رہیں گے۔

تقریب میں سیکریٹری وزارت اطلاعات، ایڈیشنل سیکریٹری، پرنسپل انفارمیشن آفیسر، ڈائریکٹر جنرل ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ، ڈائریکٹر جنرل انٹرنل پبلسٹی ونگ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن سروس اکیڈمی نے نگران دور میں وزارت کی کارکردگی سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہدنے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے ایک مشکل وقت میں وزارت کا چارج سنبھالا، انہوں نے بہت سے چیلنجز کا سامنا کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے مختصر دور میں ہمیشہ جمہوریت اور آزادی اظہار رائے کے لئے کام کیا۔تقریب کے اختتام پر وفاقی سیکریٹری اطلاعات نے نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔