نگران صوبائی حکومت بلدیاتی نمائندوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کریگی، نگران صوبائی وزیر عامر درانی

81
Khyber Pakhtunkhwa
Khyber Pakhtunkhwa

پشاور۔ 01 جنوری (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے بلدیات و آبنوشی انجینئر عامر درانی کی زیر صدارت پیر کے روز صوبہ بھر کے تحصیل چیئرمین و ناظمین کے فنڈز اور دیگر مسائل کے حوالے سے اجلاس بلدیات کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ضم اضلاع سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں مقامی حکومتوں کے نمائندوں نے اپنے مسائل اور چیلنجز سے آگاہ کیا۔اس موقع پر ضلع مردان سے منتخب سٹی مئیر حمایت اللہ مایار،خیبر سے تحصیل ناظم سید نواب،لکی مروت سے زیشان،نوشہرہ سے غیور خٹک اور دیگر تحصیل چئیرمین نے شرکت کی۔

اجلاس میں حکام نے نگران وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ بلدیات نے حال ہی میں ضم اضلاع کے ویلیج کونسل اور نیبر ہوڈ کونسل کیلئے 56ملین روپے،مالی طور پر کمزور ٹی ایم ایز کیلئے 81 ملین روپے جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع کیلئے 800ملین روپے جاری کئے گئے ہیں۔اسکے علاوہ نگران وزیر اعلی کی خصوصی ہدایات پر ضم اضلاع کیلئے 13.6ملین روپے بھی جاری کئے جاچکے ہیں۔حکام کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ خزانہ کو دو ارب روپے کی اجراء کیلئے مراسلہ بھیجا گیا ہے۔اس موقع پر ضلع مردان کے سٹی مئیر حمایت اللہ مایار نے کچھ اضلاع کو زیادہ فنڈز ملنے جبکہ کچھ کو کم فنڈز ملنے کی شکایت کی جس پر نگران وزیر نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے تمام اضلاع کو فنڈز کی تقسیم منصفانہ بنانے کی ہدایت جاری کردی۔

ناظمین نے اپنے اضلاع میں فنڈز کی کمی،گاڑیوں کی غیر موجودگی اور دفاتر کے اخراجات و مشکلات سے بھی نگران وزیر کو آگاہ کیا۔اس موقع پر نگران وزیر نے محکمہ ایکسائز اور خزانہ سے ٹیکس فنڈز وصولی اور ٹیکس کو لوکل کونسل بورڈ میں جمع کرنے کیلئے ایک طریقہ کار بنانے اور اس حوالے سے انکے ساتھ ایک اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کردی۔نگران وزیر نے اسسٹنٹ ڈائیریکٹر لوکل گورنمنٹ کو تحصیل چئیرمین کیساتھ فنڈز کی اجراء میں تعاون کرنے اور انکو سہولت دینے کی ہدایت کردی۔نگران وزیر نے ان معاملات کی نگرانی اور مسائل کے فوری حل کیلئے سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ کو توکل پرسن مقرر کرنے کی بھی ہدایت کردی۔