نگران صوبائی وزرا کی متعلقہ حکام کو ایبٹ آباد شہر کو براہ راست موٹروے کے ساتھ لنک کرنے کی ہدایت

146
نگران صوبائی وزرا کی متعلقہ حکام کو ایبٹ آباد شہر کو براہ راست موٹروے کے ساتھ لنک کرنے کی ہدایت

ایبٹ آباد۔ 12 جنوری (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے نگران صوبائی وزیر آبپاشی و مواصلات و تعمیرات احمد جان اور نگران صوبائی وزیر بلدیات دیہی ترقی عامر ندیم دورانی نے کہا ہے کہ نگران وزیراعلی خیبر پختو نخوا کے احکامات کی روشنی میں ایبٹ آباد شہر کو براہ راست موٹروے کے ساتھ لنک دیا جائے۔

شیروان انٹرچینج پر فوری کام شروع کرتے ہوئے ایبٹ آباد کو لنک دینے کے لیے ٹنل کے ذریعے انٹرچینج کے پراسس کو فوری شروع کیا جائے، صوبائی حکومت نے وفاقی حکومت سے درخواست کر رکھی ہے، شیروان انٹرچینج کو توسیع دیتے ہوئے ایبٹ آباد کے لیے ٹنل کے ذریعے انٹرچینج تعمیر کی جائے جو شہر کے وسط میں آئے جس سے اندرون شہر،ما نسہرہ، نتھیا گلی، مری اور دیگر علاقوں کو بھی لنک کیا جا ئے گا اور شہر کے اندر ٹریفک کا رش بھی نہیں ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کمشنر ہاؤس ایبٹ آباد میں این ایچ اے، سی این ڈبلیو،آبپاشی،سوئی گیس، صحت، محکمہ،ٹرانسپورٹ اور جنگلات کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں کمشنر ہزارہ ڈویژن سید ظہیر الاسلام، چیئرمین این ایچ ات، اے سی سی این ڈبلیو، سی ای او واسا،ایس ای آبپاشی، کنزرویٹر فارسٹ،ایڈیشنل سیکرٹری صحت جنرل ریٹائرڈایازسلیم رانا، بریگیڈیر ریٹائرڈ ترمذی، سول سوسائٹی کے ممبران، سیکرٹری آر ٹی اے اور دیگر بھی موجود تھے۔

اجلاس میں ایبٹ آباد بی آر ٹی منصوبے کے حوالے سے سیکرٹری آر ٹی اے عمر ارشد خان نے بریفنگ دی جب کہ ایبٹ آباد میں مختلف برساتی نالوں کے حوالے سے محکمہ آبپاشی کے افسران نے اجلاس میں بریفنگ دی۔

نگران صوبائی وزراء نے محکمہ آبپاشی کے افسران کو ہدا یا ت جاری کر تے ہو ئے کہا کہ ایبٹ آباد کے اندر تمام چھوٹے بڑے نالوں سے تجاوزات ہٹا کر ان کو ری ڈیزائن کیا جائے ، چیئرمین این ایچ اے کو ہدایت کی کہ برہان سے حویلیاں انٹرچینج اور حویلیاں سے مانسہرہ انٹرچینج کے درمیان بیٹھ جانے والی جگہوں کو فوری ٹھیک کیا جائے کیونکہ یہ انتہائی خطرناک ہو چکی ہیں اور روزانہ یہاں حادثات ہو رہے ہیں جن کے باعث قیمتی انسانی جانیں ضا ئع ہو رہی ہیں۔

جہاں جہاں موٹروے پرحفاظتی اقداما ت نہیں ہیں وہاں باقاعدہ حفاظتی اقدامات کے حوالے سے سائن بورڈ اور کون لگائی جائیں۔ہزارہ موٹروے کے اختتام پرپشاور موڑ پر سپرایلیویشن دی جائے۔ جہاں ہزارہ مو ٹر وے پر سڑک خراب ہے اس کو فوری ٹھیک کر کے دو ہفتوں میں رپورٹ پیش کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ جن جن ٹھیکے داروں نے ناقص کام کیا اور چھوڑ کر چلے گئے ان کے خلاف فوری انکوائری کر کے ان کو ٹائم فریم دیا جائے اور اس کے بعد اس پر کام شروع کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ قراقرم ہائی وے پر جہاں جہاں کام باقی ہے وہاں فوری کام شروع کیا جائے۔ صوبائی وزرا ء نے ایم ایس ڈی ایچ کیو کو ہدایت جاری کی کہ شام کی او پی ڈی بند نہ کی جائے۔ جہاں ڈاکٹرز کی پوسٹیں خالی ہیں، اس حوالے سے فوری طور پر پبلک سروس کمیشن کو لکھا جائے اور سٹاف کی کمی کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے الیکشن کمیشن سے این او سی لی جائے اور تینوں بڑے ہسپتالوں میں ایف سی پی ایس کے لیے باقاعدہ کیس تیار کیا جا ئے ، ایم ایس ڈاڈر ومنٹل اینڈ جنرل ہسپتال، بگھڑ منگبی ایچ یواورکو ٹ نجیب اللہ بی ایچ یوکو فوری طور پر سٹاف فراہم کیا جائے۔

ایڈیشنل سیکرٹری صحت کو ہدایت کی کہ فوری طور پر ڈاڈمنٹل اینڈ جنرل ہسپتال کو ایکسرے پلانٹ شفٹ کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آبادد کو ایل ار ایچ پشاور سے ہارٹ لنک مشین فوری طور پر شفٹ کی جائے اور رپورٹ پیش کی جائے ۔ انہوں نے چیف کنزرویٹر فارسٹ اور ایس ای سی این ڈبلیو کو ہدایت کی کہ سرن ویلی سے کاغان ناران شارٹ کٹ راستہ کی تعمیر پر فوری طور پر کام شروع کیا جائے ، اس کا سروے لینڈ ایکوزیشن اور دیگر مسائل کو فوری طور پر حل کیے جائیں اور دو ماہ کے اند فارسٹ ڈیپا رٹمنٹ اس کی این او سی جا ری کر ے۔