نگران صوبائی وزیرایس ایم تنویر کی زیر صدارت اجلاس، پنجاب چیمبر آف کامرس کوآرڈینیشن کمیٹی کی بحالی کا فیصلہ

لاہور۔31جنوری (اے پی پی): نگران صوبائی وزیر صنعت وتجارت و توانائی ایس ایم تنویر کی زیر صدارت بریفنگ اجلاس منگل کو پنجاب سرماریہ کاری بورڈکے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں پنجاب چیمبر آف کامرس کوآرڈینیشن کمیٹی کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا۔ترجمان کے مطابق کمیٹی میں سرکاری افسران، ایوان ہائے صنعت وتجارت اور صنعت کاروں کے نمائندے شامل ہوں گے۔یہ کمیٹی پنجاب کی صنعت کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اقدامات کرے گی۔نگران صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اہداف طے کرکے آگے بڑھے اورسرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ مختصر مدت میں ٹھوس اقدامات کے ذریعے پنجاب میں نئی سرمایہ کاری لائیں گے۔مقامی صنعت کی ضروریات کے مطابق کورسز مرتب کیے جائیں گے۔سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جلال حسن نے بورڈ کی کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں 13سپیشل اکنامک زونز منظور ہوئے،جن میں سے 10بن چکے ہیں۔6سپیشل اکنامک زونز پائپ لائن میں ہیں۔ سی ای او جلال حسن نے کہا کہ پنجاب انویسٹمنٹ اینڈ پروموشن سٹریٹجی تیاری کے مراحل میں ہے۔بورڈ میں سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے ون ونڈوفیسلیٹی سنٹر بنایا گیا۔اجلاس میں ایوان ہائے صنعت وتجارت اور صنعتکاروں کے نمائندوں کے علاوہ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے افسران نے شرکت کی۔\932