اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نےکہاہے کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات کو مزید بہتر کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے برطانوی پارلیمنٹ کے ایوان بالا (ہائوس آف لارڈز) کے رکن لارڈ عامر سرفراز نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے مابین تجارت، سرمایہ کاری، ترقیاتی منصوبہ بندی اور دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے برطانیہ بالخصوص برطانوی سیاسی نظام برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات کو مزید بہتر کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ لارڈ عامر سرفراز نے انوار الحق کاکڑ کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور برطانوی سیاسی قیادت اور برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔