کراچی ۔ 20 جون(اے پی پی) نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے کہا ہے کہ شہر قائد میں حالات معمول پر لانے کے عزم، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین بہتر رابطے اور بھرپور کاوشوں کے نتیجہ میں کراچی میں امن و امان کی حالت میں نمایاں بہتری آئی ہے، یہ جذبہ نہ صرف آزادانہ، منصفانہ اور پرامن انتخابات کو یقینی بنانے بلکہ ماضی کے ثمرات کو تقویت …
نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی زیر صدارت گورنر ہاﺅس کراچی میں امن و امان کے بارے میں اجلاس
کراچی ۔ 20 جون(اے پی پی) نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے کہا ہے کہ شہر قائد میں حالات معمول پر لانے کے عزم، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین بہتر رابطے اور بھرپور کاوشوں کے نتیجہ میں کراچی میں امن و امان کی حالت میں نمایاں بہتری آئی ہے، یہ جذبہ نہ صرف آزادانہ، منصفانہ اور پرامن انتخابات کو یقینی بنانے بلکہ ماضی کے ثمرات کو تقویت دینے اور سیکورٹی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کیلئے کارفرما رہنا چاہئے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو گورنر ہاﺅس میں امن و امان کے بارے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں گورنر سندھ محمد زبیر، وزیراعلیٰ فضل الرحمن، کمانڈر فائیو کور لیفٹیننٹ جنرل مرزا شاہد بیگ، وفاقی سیکرٹری داخلہ ارشد مرزا، چیف سیکرٹری سندھ میجر (ر) اعظم سلمان خان، آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری اور آئی جی سندھ نے امن و امان کی صورتحال اور صوبہ میں پرامن انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم کو سندھ رینجرز کی جانب سے جاری کراچی آپریشن اور دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور اغواءبرائے تاوان سمیت اہم شعبوں میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔









