نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کا زیر تعمیر کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور پراجیکٹ کا دورہ،میگا پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا

82
Federal Interior Minister Mohsin Naqvi
Federal Interior Minister Mohsin Naqvi

لاہور۔16اکتوبر (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے علی الصبح بند روڈ کے زیر تعمیر کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور پراجیکٹ کا دورہ کیا اورنیازی چوک تا بابو صابوتک بننے والے میگا پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور سائٹ پر جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔

وزیراعلی محسن نقوی نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں کے دوران بند روڈ پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔سی ٹی او خود مانیٹر کریں اورمزید وارڈنز کو تعینات کیا جائے۔وزیراعلی محسن نقوی نے بند روڈ کے درمیان سٹریٹ لائٹس اور پولز فوری طورپر شفٹ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سٹریٹ لائٹس کے پول اتارکرکسی اورجگہ استعمال میں لائے جائیں۔وزیراعلی نے بند روڈ کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ بند روڈ پراجیکٹ کی تکمیل سے لاہور کے کسی بھی علاقے سے موٹر وے تک فوری رسائی ممکن ہوگی۔کنٹرولڈ ایکسس کوریڈورکی وجہ سے وقت اور ایندھن کی مد میں کروڑوں روپے کی بچت ہو گی۔وزیراعلی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 7.3 کلومیٹر طویل کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور بند روڈ پراجیکٹ کی تعمیر 4 ماہ میں مکمل کرنے کیلئے دن رات کام ہو رہا ہے۔

پیکیج ون میں نیازی تا سگیاں انٹرچینج اور پیکیج ٹو میں سگیاں انٹرچینج تا بابو صابو انٹرچینج کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور تعمیر کیا جارہاہے۔پیکیج ون کی لمبائی 3.65 کلومیٹر ہے جبکہ پیکیج ٹو کی لمبائی 3.65 کلومیٹر ہے۔ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا،چیف انجینئر ایل ڈی اے اورکنٹریکٹر نے وزیراعلی محسن نقوی کو پراجیکٹ پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈافتخار سہو،سی ٹی او اوردیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔