لاہور۔16نومبر (اے پی پی):کیولری گرائونڈ انڈرپاس 25 نومبراور گھوڑا چوک فلائی اوور7 دسمبر کو مکمل ہو گا۔وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے علی الصبح کیولری انڈر پاس او رگھوڑا چوک فلائی اوور پراجیکٹس کا دورہ کیا۔صوبائی وزرا عامر میر، بلال افضل، ابراہیم حسن مراد اور انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور بھی ہمراہ تھے۔
وزیر اعلی محسن نقوی نے گھوڑا چوک سے کیولری گرانڈ تک سوا کلو میٹر پیدل چل کر دونوں پراجیکٹس کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔گھوڑا چوک فلائی اوور کی شٹرنگ، سٹیل فکسنگ کے ساتھ 75 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ کیولری انڈر پاس میں اسفالٹ کا کام شروع ہوچکا ہے۔
وزیراعلی محسن نقوی نے بھاری گرڈر انڈرپاس کی چھت پر رکھنے کے عمل کا مشاہدہ کیااور دونوں پراجیکٹس کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیااور پیشرفت کا جائزہ لیا۔وزیراعلی نے ہدایت کی کہ سائٹس پر باقاعدگی سے پانی کا چھڑکائو جاری رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی تکمیل سے سنٹر پوائنٹ گلبرگ سے گھوڑا چوک ڈیفنس موڑ تک سگنل فری کوریڈور مکمل ہوجائے گا۔گلبرگ، کلمہ چوک، سی بی ڈی، کینٹ کیولری گرائونڈ، ڈی ایچ اے اوروالٹن میں رہنے والے شہری مستفید ہو ں گے۔
کمشنر لاہورڈویژن و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا،چیف انجینئر ایل ڈی اے اورکنٹریکٹر نے کیولری انڈر پاس پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران امین نے گھوڑا چوک فلائی اوور منصوبے کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔