نگران وزیراعلی پنجاب کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس،بڑے ہسپتالوں میں علاج کی سہولتوں کی بہتری اور اپ گریڈیشن کیلئے 5 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری

194

لاہور۔7اکتوبر (اے پی پی):نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا29واں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پنجاب کے بڑے ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتوں کی بہتری اور اپ گریڈیشن کیلئے 5 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔کابینہ نے ریونیو بڑھانے کیلئے پنجاب ہاؤس کراچی کے لان کو تقریبات کیلئے کرائے پر دینے کا فیصلہ کیا۔پنجاب ہاؤس کراچی کے لان کو 3لاکھ روپے کرائے پر تقریبات کے لئے دیا جا سکے گا۔

کابینہ نے پنجاب ہاؤس کراچی کے لان کو تقریبات کے لئے کرائے پر دینے کی منظوری دی جبکہ کسی بڑی ہوٹل چین کے ساتھ لان کو تقریبات کیلئے کرائے پر دینے کے حوالے سے معاہدہ کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ ڈپٹی کمشنرلاہور،میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہورکے ایڈمنسٹریٹر ہوں گے، کابینہ نے منظوری دی۔وزیراعلی محسن نقوی نے دوران سروس وفات پانے والے سرکاری ملازمین کے اہل خانہ کے لئے مالی امداد کے پیکیج کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مالی امدادکے پیکیج کوبہتر بنا کرکابینہ کے اگلے اجلاس میں منظوری کے لئے پیش کیا جائے۔کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کڈنی،نفسیات اور نشے کے عادی مریضوں کو معیاری علاج و بحالی کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

کابینہ نے ڈائلسز سنٹرز اور نفسیاتی ونشے کے عادی مریضوں کے سنٹرز میں علاج و بحالی کے طریقہ کارکا معیار مقرر کرنے کی منظوری دی۔اجلاس میں اب گاؤں چمکیں گے پروگرام کے تحت یونین کونسلز کواختیارات دینے کی منظوری دی گئی۔پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے ڈی جی اور دیگر آسامیوں پر بھرتی کے طریقہ کار کی منظوری دی۔

حکومت پنجاب اور ضلعی حکومتوں کے سال 2020-21، 2021-22 اور 2022-23کے اکاؤنٹس کی خصوصی پرفارمنس و آڈٹ رپورٹس کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں اسلامی نظریاتی کونسل کی رپورٹس کی بھی منظوری دی گئی۔صوبائی وزرا،مشیران،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔