اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی): نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے غزہ میں ہسپتال پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل کو بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام سے روکے۔بدھ کو اپنے ٹویٹ میں نگراں وزیر اعظم نےغزہ کے الاہلی ہسپتال پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی جس میں بڑی تعداد میں شہریوں کی اموات ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کو نشانہ بنانا غیر انسانی فعل ہے۔ بین الاقوامی انسانی قانون ہسپتالوں اور طبی عملے کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔نگران وزیر اعظم نے کہا کہ ہم اس بلاامتیاز قتل عام کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں اور عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ تشدد کو روکنے کے لیے تیزی سے کام کرے اور ذمہ داروں کا احتساب کرے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ساتھ اپنی بات چیت میں میں نے ان پر زور دیا تھا کہ عالمی برادری اسرائیل سے کہے کہ وہ بے گناہ فلسطینیوں کا قتل عام بند کرے۔