نگران وزیر اعظم نے ای سی او سربراہ اجلاس میں علاقائی ترقی، روابط اور باہمی خوشحالی کے اہداف کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، ترجمان دفتر خارجہ

71
Foreign Office Spokesman
Foreign Office Spokesman

اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں 16ویں ای سی او سربراہی اجلاس میں علاقائی ترقی، روابط اور باہمی خوشحالی کے ای سی او کے اہداف کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترجمان نے جمعہ کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ وزیراعظم نے تنظیم کے مستقبل کے کام اور علاقائی روابط اور باہمی خوشحالی کے فروغ کے لیے پاکستان کا وژن پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ اور مواصلات کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے علاقائی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ نگراں وزیراعظم نے اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے غزہ پر مسلسل اور مہلک بمباری کی شدید مذمت کی اور مسئلہ فلسطین کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بڑھتی ہوئی عدم رواداری، زینو فوبیا اور اسلامو فوبیا پر بین الاقوامی توجہ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اسلامو فوبیا کے رجحان میں اضافے کے خلاف سیاسی اور قانونی روک تھام اور باہمی احترام، بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔ ای سی او سربراہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم نے آذربائیجان اور ازبکستان کے صدور سے دو طرفہ ملاقاتیں کیں۔

انہوں نے ای سی او کے سیکرٹری جنرل سفیر خسرو نوزیری سے بھی ملاقات کی۔ ترجمان نے کہا کہ ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے، علاقائی رابطوں اور ترقی کو فعال طور پر فروغ دینے اور ایک تنظیم کے طور پر ای سی او کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔