مظفرگڑھ۔ 12 ستمبر (اے پی پی):نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے طیب اردگان ہسپتال کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال مظفر گڑھ کا دورہ کیاہے۔انہوں نے استقبالیہ کاؤنٹر پر پرچی کے اجراء کے عمل کا مشاہدہ اور سی ٹی سکین روم،ایکسرے اور ایمرجنسی وارڈ کا معائنہ کیا۔ وزیراعلی نے سرجیکل اور میڈیکل وارڈز اور ادارہ برائے نفسیات وترک منشیات کا دورہ بھی کیا،وزیراعلی محسن نقوی نے مریضوں اور لواحقین سے علاج دستیاب سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔
ایک مریض کی طرف سے استعمال شدہ سرنج کے دوبارہ استعمال کی شکایت پر انہوں نے فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کے تحفظ کے لئے انفیکشن فری ماحول کی فراہمی پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔بعد ازاں نگران وزیر اعلی نے مظفرگڑھ کے سینئر صحافیوں سے ملاقات کی۔انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران طیب اردگان ہسپتال کے معیار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں اس معیار کے ہسپتال ہوں۔
انہوں نے کہا کہ وہ صحت کے شعبہ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں،پنجاب کی نگران حکومت کارکردگی پر یقین رکھتی ہے اور عوامی مسائل حل کرنے کےلئے کوشاں ہے،صافیوں کی طرف سے صحافی کالونی کے متفقہ مطالبے پر انہوں نے جلد عمل درآمد کرنے کی یقین دہانی کرائی،اس موقع پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم،ڈاکٹرجمال ناصر،چیف سیکرٹری،سیکرٹری صحت،انسپکٹر جنرل پولیس،ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ اور دیگر حکام بھی وزیر اعلی کے ہمراہ موجود تھے۔