آزادانہ و منصفانہ عام انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے،بھارت پاکستان کا سب سے بڑا دشمن ہے،ہماری مسلح و بہادر افواج ہمیشہ بھرپور جواب دینے کے لیے تیار رہتی ہیں،نگران وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعیم خالد لودھی کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو
اسلام آباد ۔ 4 جولائی (اے پی پی) نگران وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعیم خالد لودھی نے کہا ہے کہ آزادانہ و منصفانہ عام انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ذمہ داری ہے۔ بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 80 ہزار سے زائد پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں ہر ایک کے اندر کئی پولنگ بوتھ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 4 سے 5 اہلکار ہر پولنگ بوتھ پر موجود ہوں گے تاکہ امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھے جانے کے ساتھ ساتھ کسی ناخوشگوار واقعہ سے بھی بچا جا سکے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ بڑی کامیابی سے لڑی اور اس سلسلے میں لازوال قربانیاں بھی پیش کیں۔ نگران وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ بہتر تعلقات سے لطف اندوز ہو رہا ہے کیونکہ ملک میں اس کا امن اس کے ہمسائیوں سے منسلک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کا سب سے بڑا دشمن ہے اور ہماری مسلح و بہادر افواج ہمیشہ اسے بھرپور جواب دینے کے لیے تیار رہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں بہت سے لوگ مقبوضہ کشمیر میں اپنی ریاست کی ناکامی کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ پی آئی اے پر تبصرہ کرتے ہوئے نعیم خالد لودھی کا کہنا تھا کہ اس ادارے کو منافع بخش ادارہ بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جانے چاہیئں اور اس میں تقرریاں بھی میرٹ پر ہونی چاہیئں۔