اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے قومی صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کا مضبوط اور قابل قدر شراکت دار ہے، دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات آنے والے وقتوں میں مزید مضبوط ہوں گے،پاکستان اور دنیا سے پولیو کے خاتمہ کے لئے پرعزم ہیں۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیمی الزابی سےگفتگوکرتےہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیکرٹری صحت افتخار علی شلوانی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کا مضبوط اور قابل قدر شراکت دار ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات آنے والے وقتوں میں مزید مضبوط ہوں گے ۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان اور دنیا سے پولیو کے خاتمہ کے لئے پرعزم ہیں۔ اس سال کے آخر تک وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا چاہتا ہوں جس کے کیلئے جامع حکمت عملی تشکیل دے دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پولیو پروگرام کو ٹاسک دیا ہے وہ اس مقصد کو حاصل کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔
پولیو کے خاتمے کے لیے اپنی کوششوں کا بڑا حصہ وقف کر رہا ہوں ۔اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے سفیر نے ڈاکٹر ندیم جان کو پاکستان کے وزیر صحت کے طور تقرری کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹاپ ہیلتھ ایکسپرٹ کی تعیناتی کو بطور وزیر صحت خوش آئند ہے۔ عالمی شہرت کے حامل پبلک ہیلتھ ایکسپرٹ کو صحت کے شعبے کی قیادت سونپنا ریاست کی سنجیدگی کی عکاسی کرتا ہے۔
عالمی شہرت یافتہ پبلک ہیلتھ ایکسپرٹ کے تجربات اور ویژن سے یقننا صحت کا شعبے میں حقیقی معنوں میں بہتری آئے گی ۔سفیر متحدہ عرب امارات نے کہاکہ آپ کی مربوط اور جامع حکمت عملی سے پولیو سے چھٹکارا حاصل کرنے میں مدد ملے گی ۔
سفیر نے متحدہ عرب امارت کے وزیر صحت اور متحدہ عرب امارات کے خصوصی ایلچی کا مشترکہ دعوت نامہ پیش کیا ۔ دعوت نامہ موسمیاتی تبدیلی بارے آئندہ 28ویں کانفرنس ( کوپ 28 ) کا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ عرب امارات کی قیادت پاکستانی عوام کی خدمت والے منصوبوں میں دلچسپی رکھتی ہے ۔ صحت کے شعبے میں مشترکہ شراکت قائم کرنے کے امکانات تلاش کریں گے۔وزیر صحت اور سفیر نے اس سال پولیو کا عالمی دن 24 اکتوبر 2023 کو شاندار انداز میں منانے کی باہمی خواہش کابھی اظہار کیا۔