دبئی۔2دسمبر (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اورسری لنکا کے صدررانیل وکرما سنگھے نے پاکستان اورسری لنکا کے درمیان سیاسی، اقتصادی وسماجی شعبوں اوردونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں کے فروغ کیلئے دیرینہ تعاون کومزیدمضبوط بنانے سے اتفاق کیاہے۔
پی ایم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ہفتہ کودوبئی میں کوپ۔28 اجلاس کے موقع پردوطرفہ ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اورسری لنکا کے درمیان قریبی وخوشگوارتعلقات اوردونوں ممالک کے عوام درمیان بے پناہ خیرسگالی پر گرمجوشی سے تبادلہ خیال کیا۔سری لنکا کے صدرنے وزیراعظم کو مالیاتی مشکلات اورمہنگائی سے نمٹنے کیلئے سری لنکا کے اقدامات وتجربات سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے سری لنکا کے صدر کو معیشت کی بحالی کے لیے حکومت کی جانب سے ہونے والی کوششوں سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم کاکڑ اور صدر وکرماسنگھے نے جنوبی ایشیا میں امن اور ترقی کو فروغ دینے اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سمیت مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔