نیویارک۔19ستمبر (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ دورہ امریکہ کے دوران منگل کو نیویارک میں مصروف دن گزاریں گے اور اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم آج عالمی ترقیاتی اقدام پر اعلیٰ سطحی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے اور اجلاس کے شرکاء سے خطاب کریں گے۔
وزیراعظم پائیدار ترقیاتی اہداف پر اعلیٰ سطحی سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے اور اجلاس کے شرکاء سے خطاب کریں گے۔ وزیراعظم کی ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ امریکہ کے صدر جو بائیڈن کی جانب سے عالمی رہنماؤں کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے۔