اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ملک کے طول و عرض میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے اسلامی نظریاتی کونسل کو مزید متحرک ہونا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین قبلہ ایاز سے ملاقات کے دوران کیا۔
اس موقع پر قبلہ ایاز نے وزیراعظم کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے وزیراعظم کو ملک میں مذہبی ہم آہنگی کی موجود صورتحال سے آگاہ کیا ۔
انہوں نے وزیراعظم کو اسلامی نظریاتی کونسل کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل ملک میں مذہبی ہم آہنگی اور امن و امان برقرار رکھنے کے لئے فعال کردار ادا کرتا رہا ہے، ملک کے طول و عرض میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے اسلامی نظریاتی کونسل کو مزید متحرک ہونا ہو گا۔