نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو وزارت تجارت اور وزارت صنعت وپیداوار کی جانب سے کارکردگی اور اہداف بارے بریفنگ

100
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو وزارت تجارت اور وزارت صنعت وپیداوار کی جانب سے کارکردگی اور اہداف بارے بریفنگ

اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ہدایت کی ہے کہ پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار میں صنعتوں کے حصے کو 12 فیصد سے بڑھا کر اس کی مکمل استعداد تک لانے کیلئے موثر حکمت عملی تشکیل دی جائے، معاشی ترقی اور صنعتی پیداوار بڑھانے کیلئے قومی صنعتی پالیسی جلد از جلد تشکیل دی جائے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق بدھ کو نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو ایک اجلاس میں وزارت تجارت اور وزارت صنعت وپیداوار کی جانب سے ان کی کارکردگی اور اہداف کےبارے میں بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں نگراں وزیر تجارت گوہر اعجاز، وزیرخزانہ ڈاکٹر شمشاداختر، مشیر وزیراعظم احد چیمہ، گورنر سٹیٹ بینک اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس میں ملکی برآمدات بڑھانے کی حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ عالمی منڈیوں بالخصوص وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ معاشی اشتراک برآمدات بڑھانے کی حکمت عملی کا حصہ ہو گا۔ اجلاس میں وزیراعظم نے وزارت تجارت کو کاروباری برادری اور لاجسٹکس کمپنیوں کے لئے بین الاقوامی تجارتی نقل و حمل کے نظام کے بارے میں آگاہی و تربیتی پروگرام منعقد کرانے کی ہدایت کی۔

پاکستان کے بیرون ملک تعینات افسران کی تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم کو بریفنگ میں لینڈ پورٹ اتھارٹی کے قیام کے لئے متعلقہ حصہ داروں کے ساتھ جاری مشاورت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پاکستان کے منفرد محل وقوع سے بھرپور فائدہ حاصل کرنے کے لئے ملک کو تجارتی نقل و حمل اور ٹرانس شپمنٹ کا مرکز بنایا جائے۔

وزیراعظم نے پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار میں صنعتوں کے حصے کو موجودہ 12 فیصد سے بڑھا کر اس کی مکمل استعداد تک لانے کے لئے مؤثر حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے معاشی ترقی اور صنعتی پیداوار بڑھانے کے لئے قومی صنعتی پالیسی جلد از جلد تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعظم نے خسارے میں رہنے والے قومی ملکیتی اداروں کی نجکاری تیز کرنے کی ہدایت جاری کی۔

وزیراعظم کو موبائل فونز کی مقامی تیاری کی حالیہ پالیسی سے بھی آگاہ کیا گیا ، ملک میں آئندہ دو سالوں میں 40لاکھ ہینڈ سیٹ بنائے جا سکیں گے جس سے درآمدی بل میں کمی اور برآمدات میں اضافہ ہو گا۔ بریفنگ میں وزیراعظم کو قیمتی پتھروں اور معدنیات کی برآمدات کو منظم کرنے کے لئے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا،اس سیکٹر سے آئندہ دو سالوں میں 2 ارب ڈالر کی برآمدات ممکن ہو سکیں گی۔

وزیراعظم نے جیمسٹون کی برآمدات کی مکمل استعداد کے حصول کے لئے مقامی کاریگروں کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے متعلقہ ہنر سکھانے کے لئے تربیتی پروگرام منعقد کرانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے اجلاس میں ملک میں ای کامرس کے فروغ کے لئے الیکٹرانک ویئر ہاؤسنگ کے استعمال پر زور دیا۔