نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی جمہوریہ ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف سے ملاقات

98
anwar ul haq

تاشقند۔8نومبر (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف نے ازبکستان۔افغانستان۔پاکستان ریلوے منصوبے کی جلد تکمیل کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اقتصادی تعاون تنظیم کے 16ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے جمہوریہ ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف سے ملاقات کی۔

ملاقات میں نگراں وزیراعظم نے سربراہ اجلاس کے کامیاب انعقاد پر ازبک صدر کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے سیاسی، تجارتی، اقتصادی، سلامتی، دفاع اور رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ دوطرفہ تعاون کی بڑھتی ہوئی سطح پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس رفتار کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ترجیحی تجارتی معاہدے (پی ٹی اے) اور ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ (یو پی ٹی ٹی اے) کے فعال ہونے سے اقتصادی تعاون تنظیم تجارتی معاہدے (ایکوٹا) کو ہموار کرنے کے علاوہ دو طرفہ تجارت اور ٹرانزٹ ٹریڈ کو فروغ ملے گا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اقتصادی انضمام کو فروغ دینے کے لئے تزویراتی شراکت داری کے معاہدے کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور علاقائی روابط کے لئے فعال کردار ادا کرنے کے اپنے عزم کو دہرایا ۔

انہوں نے ازبکستان۔افغانستان۔پاکستان ریلوے منصوبے کی جلد تکمیل کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور صدر مرز یوئیف نے غزہ میں جاری انسانی بحران اور دیگر علاقائی اور عالمی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔