اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی خان ڈومکی نےتربت میں 6 مزدوروں پر حملے اور قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے مقامی انتظامیہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ہفتہ کو ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس اندوہناک واقعہ پر اپنے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک دل دہلا دینے والا واقعہ ہے اور ہم غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کی سختی سے ہدایت کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس معاملے میں فوری گرفتاری کو یقینی بنانے کا حکم دیا۔تفصیلات کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ صوبہ بلوچستان کے علاقے تربت میں نامعلوم مسلح افراد نے رات گئے حملے میں 6 مزدوروں کو ہلاک اور 2 کو زخمی کردیا۔
پولیس نے مزید کہا کہ ملزمان نے مقامی ٹھیکیدار نصیر کے زیر تعمیر گھر میں گھس کر گھناؤنا جرم کیا جس میں چھ مزدور ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔حکام نے بتایا کہ یہ حملہ تربت شہر کے سیٹلائٹ علاقے میں ہوا، جو ایران کی سرحد سے 120 کلومیٹر (75 میل) مشرق میں واقع ہے۔
مقامی انتظامیہ نے مزید کہا کہ واقعہ میں چھ مزدور موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ باقی دو شدید زخمی ہیں۔