کراچی۔ 21 اکتوبر (اے پی پی):نگراں وزیراعلی سندھ جسٹس (ر)مقبول باقر سے ایران کے قونصل جنرل مسٹر حسن نورین نے ملاقات کی۔ ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نگراں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ تمام مسلم ممالک آپس میں بھائی بھائی ہیں،آپ نے سندھ میں خود کو الگ محسوس نہیں کیا ہوگا،ہم صرف کراچی سے ہر سال 80ہزار ویزے جاری کرتے ہیں۔ قونصل جنرل نے کہاتہران اور اصفہان چیمبر آف کامرس نے کراچی چیمبر کے ساتھ ایم اویو کیا ہے،اس ایم او یو سے تجارت کے نئے مواقع کھلیں گے،پھل، سبزیاں اور پیٹرولیم مصنوعات ایران پاکستان بھیج سکے گا،ایران ، عراق اور عمان کے درمیان زمینی راستے سے سیاحت کے دروازے کھل جائیں گے،ایران یا پاکستان سے کوئی سرمایہ کار آگے آئے تو فری سروس شروع کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے ایرانی طلبہ کے لئے آسان ویزا اور انسینٹیو رکھا ہے،اس لئے 4500ایرانی طالب علم سائوتھرن بھارت میں پڑھ رہے ہیں،پاکستان میں ایرانی اسٹوڈنٹس کا ویزا بہت مشکل ہے،اس وجہ سے یہاں صرف 10سے 15اسٹوڈنٹس تعلیم حاصل کررہے ہیں،
پاکستان میں ایرانی اسٹوڈنٹس بینک اکائونٹ نہیں کھول سکتے۔نگراں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ وہ اسٹوڈنٹس ویزا آسان کرنے کے لیے اور بینک اکائونٹس کی سہولیات دینے کے لئے وفاقی حکومت سے بات کریں گے۔ نگراں وزیراعلی سندھ اور قونصل جنرل نے فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت بھی کی۔