اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی): نگران وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات محمد سمیع سعید سے پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں آذربائیجان کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن تیمرلان خلیلوف، چیف انٹرنیشنل ٹریڈ اینڈ فنانس، چیف فارن ایڈ اور وزارت منصوبہ بندی کے دیگر اعلیٰ حکام بھی ملاقات میں شریک تھے۔اس موقع پر فریقین نے دوطرفہ تجارت، توانائی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون سمیت دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے تجارت، رابطے، توانائی، سیاحت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسے مختلف شعبوں پر توجہ مرکوز کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔نگران وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی کی اہمیت اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا بھی کیا۔واضح رہے کہ 1991 میں آذربائیجان کی آزادی کی بحالی کے بعد پاکستان اپنی آزادی کو تسلیم کرنے والے اولین ممالک میں شامل تھا۔
نگران وزیر منصوبہ بندی نے 2022 کے سیلاب کے دوران آذربائیجان کی مدد کو سراہا، یاد رہے سیلاب سے پاکستان بری طرح متاثر ہوا تھا اور مشکل کی اس گھڑی میں آذربائیجان نے پاکستان کی بھرپور مدد کی تھی جسکو پاکستان قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ملاقات میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے نگران وزیر منصوبہ بندی کو بتایا کہ 2022 سے آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان براہ راست پروازیں ان تعلقات میں بہت زیادہ معاون ثابت ہو رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2022 میں تقریباً 50,000 پاکستانی سیاحوں نے آذربائیجان کا دورہ کیا جو ایک خوش آئند بات ہے۔ سفیر کے مطابق آذربائیجان کی حکومت پاکستانی سیاحوں کو آن لائن ویزا کے ذریعے سہولت فراہم بھی کر رہی ہے۔سمیع سعید نے اس اقدام کو سراہا اور سیاحت کے شعبے میں مزید تعاون کے مواقع تلاش کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔