نگراں وفاقی وزیراطلاعات و نشریات و قانون و انصاف بیرسٹر سید علی ظفر کی پی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو

84
APP51-05 ISLAMABAD: June 05 - Syed Ali Zafar, Federal Minister for Information, Broadcasting, National History and Literary Heritage assuming his office. APP

اسلام آباد ۔ یکم جولائی (اے پی پی) نگراں وفاقی وزیراطلاعات و نشریات و قانون و انصاف بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا ہے کہ ایمنسٹی سکیم کا مقصد غیر اعلانیہ اثاثہ جات کو دستاویزی شکل دینا ہے، سپریم کورٹ آف پاکستان نے بھی اس ایمنسٹی سکیم کو خوش آئند قرار دیا اور اس سکیم کے قواعدوضوابط کے بعد اب اس ایمنسٹی سکیم کے تحت 50 ارب روپے وصول ہو چکے ہیں اور مذید 50 ارب پائپ لائن میں ہیں جن کی وصولی بھی متوقع ہے، یہ ایک بہترین سکیم ہے اس لیے لوگوں کو اس سکیم سے مستفید ہونا چاہیئے اور اپنے غیر اعلانیہ اثاثہ جات کو دستاویزی شکل دینی چاہیئے، ایمنسٹی سکیم سیاست دانوں کے لیے نہیں ہے، ہر حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ دینا چاہتی ہے اور موجودہ نگراں حکومت بھی عوام کے ریلیف کے لیے کوشاں ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کا تلخ فیصلہ کرنا پڑا جو ناگزیر تھا، پانی زندگی ہے، مسئلے کے مناسب حل کے لیے سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں، رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے یہاں قیام میں 3 ماہ کی توسیع کی گئی ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کامیابی سے لڑی، مسلح افواج نے لازوال قربانیاں دیں اور بہت اہم کامیابیاں بھی حاصل کیں، عالمی برادری کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری قربانیوں اور سنجیدہ و مخلصانہ کوششوں کا اعتراف کرنا چاہیئے، ایف اے ٹی ایف کو پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل نہیں کرنا چاہیئے تھا، انتخابات صاف و شفاف ہوں گے اور اس کا تاثر بھی ملے گا، پی ٹی وی پر تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں وقت اور مواقع دئیے جا رہے ہیں، ہم یہاں پاکستان میں آنے والے الیکشن مبصرین کو بھی ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پی ٹی وی کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔