نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کی جمہوریہ کوریا اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کے 40 سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب میں شرکت

209
نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی): نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے جمہوریہ کوریا اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کے 40 سال مکمل ہونے پر دونوں ممالک کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان جمہوریہ کوریا کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

جمعرات کو جمہوریہ کوریا کے سفارت خانہ کی جانب سے پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان سفارتی تعلقات کے 40 سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب میں شرکت کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جمہوریہ کوریا نے اپنی دور اندیش اور پرعزم قیادت کی بدولت اقتصادی اور صنعتی شعبوں میں ترقی کے اہداف حاصل کئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی کوریا کو اقتصادی و تکنیکی ترقی کی تلاش میں ایک قابل قدر اتحادی کے طور پر دیکھتا ہے۔ تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، غیر ملکی سفارت کاروں سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے 40 سالہ سفارتی تعلقات کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔\932