اسلام آباد ۔ 20 جون (اے پی پی) نگراں وفاقی وزیر برائے اطلاعات ، نشریات ،قانون و انصاف بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا ہے کہ نگراں حکومت اپنی آئینی حدود کے اندر رہ کر کام کر رہی ہے، صاف اور شفاف انتخابات ہماری ذمہ داری ہے، تمام صوبوں میں سیکرٹریز اور دیگر افسران کی تبدیلی اس سلسلے کی کڑی ہے، زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں نہیں …
نگراں وفاقی وزیر برائے اطلاعات ، نشریات ،قانون و انصاف بیرسٹر سید علی ظفر کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو
اسلام آباد ۔ 20 جون (اے پی پی) نگراں وفاقی وزیر برائے اطلاعات ، نشریات ،قانون و انصاف بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا ہے کہ نگراں حکومت اپنی آئینی حدود کے اندر رہ کر کام کر رہی ہے، صاف اور شفاف انتخابات ہماری ذمہ داری ہے، تمام صوبوں میں سیکرٹریز اور دیگر افسران کی تبدیلی اس سلسلے کی کڑی ہے، زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں نہیں تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ شفاف الیکشن کرانا ہماری ذمہ داری ہے، اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی ہرممکن مدد کر رہے ہیں، تمام صوبوں میں الیکشن کمیشن کی ہدایات پر سیکرٹریز اور دیگر افسران کے تقرر و تبادلے کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بلیم گیم میں نہیں پڑنا چاہتے، کوئی بھی ایسا کام نہیں کریں گے جس کی وجہ سے آنے والی حکومت کے لئے مشکلات پیدا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات کے لئے میڈیا کی رہنمائی ہمارے لئے انتہائی اہم ہے، ایسا شفاف الیکشن کرائیں گے کہ ماضی میں اس کی مثال نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے اور اس حوالے سے اقدامات بھی اٹھا رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں نہیں بلکہ بلیک لسٹ میں شامل تھا، جن افراد کا نام ای سی ایل میں شامل ہوتا ہے وہ بیرون ملک سفر نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ای سی ایل اور بلیک لسٹ کے حوالے سے دو مختلف قوانین ہیں، اس سلسلے میں ہم نے وزارت قانون و انصاف سے رائے طلب کی ہے۔ نگراں حکومت اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کر رہی ہے، ہمارے اوپر بھی کچھ آئینی پابندیاں ہیں، اس لئے جو بھی کام کریں گے وہ اپنے اختیارات اور آئینی حدود کے اندر رہ کر کریں گے۔









