اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر برائے نجکاری فواد حسن فواد کی زیر صدارت نجکاری کمیشن بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن (پی آئی اے سی ایل) کی نجکاری کے لیے مالیاتی مشیر (ایف اے) کی تقرری کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے ایجنڈے میں ہائوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن لمیٹڈ (ایچ بی ایف سی ایل) کے مالیاتی مشیرکے ساتھ مالیاتی خدمات کے معاہدے میں توسیع اور فرسٹ ویمن بینک لمیٹڈ (ایف ڈبلیو بی ایل) کی نجکاری پر مالیاتی مشیر کے ساتھ مالیاتی خدمات کے معاہدے کی بحالی بھی شامل تھی۔
کمیٹی نے پاک چائنا فرٹیلائزر لمیٹڈ کی 35 سال سے زیر التواء نجکاری کے حوالے سے بھی تفصیلی بات کی۔ 8 دلچسپی رکھنے والی فرمز/کنسورشیمز نے بطور مالیاتی مشیر تعیناتی کے لیے اپنی تکنیکی اور مالی تجاویز پیش کیں۔ طے شدہ معیارات کی بنیاد پر بورڈ کی طرف سے تشکیل کردہ تشخیصی کمیٹی نے ارنسٹ اینڈ ینگ کی سربراہی میں قائم کنسورشیم کی بولی کو سب سے کامیاب بولی قرار دیا۔ بورڈ نے ایک مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی ہے جو بہترین بولی لگانے والے کے ساتھ مالیاتی خدمات کے معاہدے کو حتمی شکل دے گی۔
ایچ بی ایف سی ایل کی نجکاری سے متعلق مالیاتی مشیر کے ساتھ مالیاتی خدمات کا معاہدہ جنوری 2023 میں ختم ہو گیا تھا اور بورڈ نےاس میں 24 ماہ کی توسیع کی منظوری دی ۔ بورڈ نے مالیاتی مشیر کے اضافی کام کی وجہ سے لاگت پر نظرثانی کی بھی منظوری دی۔ اسی طرح ایف ڈبلیو بی ایل کی نجکاری سے متعلق مالیاتی مشیر کے ساتھ مالیاتی خدمات کے معاہدے کی میعاد اپریل 2023 میں ختم ہو گئی تھی۔ معاہدے میں کام کے تبدیل شدہ دائرہ کار کے لیے قیمتوں میں ایڈجسٹمنٹ کے ساتھ 24 ماہ کی توسیع کی منظوری دی گئی ہے۔
بورڈ نے فیصلہ کیا کہ ایچ بی ایف سی ایل اور ایف ڈبلیو بی ایل دونوں کی نجکاری میں غیر ضروری تاخیر کی ذمہ داران کے تعین کے لیے تحقیقات کی جائیں ۔ بورڈ نے پاک چائنہ فرٹیلائزر لمیٹڈ کی نجکاری کے مسائل اور قانونی معاملات پر غور کرنے کے بعد ہدایت کی کہ نجکاری کے معاہدے کے آغاز سے لے کر اب تک کی تمام کارروائیوں کی تفصیلات بورڈ کے اگلے اجلاس میں پیش کی جائیں۔
بورڈ نے 1997 میں ثالثی کے فیصلے کے باوجود ایک سے زائد بار نجکاری کمیشن کے موقف میں تبدیلی کے پس پردہ عوامل کا تعین کرنے کا فیصلہ کیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ بورڈ اپنے آئندہ اجلاس میں عدالت میں پیش کرنے کے لیے حتمی موقف تشکیل دے گا۔