نگراں وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان سے پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کی ملاقات، صحت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

119
نگراں وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان سے پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کی ملاقات، صحت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے منگل کو نگراں وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان سے ملاقات کی۔ملاقات میں صحت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر نے سفیر کو پاکستان میں صحت کی دیکھ بھال کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ”ہم عوام کو بیماریوں اور وبائی امراض سے بچانے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں۔

وزیر صحت نے پاکستان میں ادویات کی دستیابی کو بہتر بنانے اور فارماسیوٹیکل پارکس کے قیام کے لیے جاری کوششوں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے پاکستان میں مالیکیولر مینوفیکچرنگ کے لیے ٹیکنالوجی کی منتقلی کو بروئے کار لانے پر زور دیا۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان پہلی گلوبل ہیلتھ سکیورٹی سمٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔ یہ سربراہی اجلاس دنیا بھر سے صحت کے اعلیٰ رہنماؤں، حکام اور تکنیکی ماہرین کو اکٹھا کرے گا۔

سفیر نے گلوبل ہیلتھ سکیورٹی سمٹ اور فارماسیوٹیکل پارک کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ آذربائیجان کی صحت سے متعلق حکام ان اقدامات پر بات چیت کے لیے حکومت پاکستان سے رابطہ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ طب کے شعبے میں، دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات کے تبادلے سے استفادہ حاصل کریں گے، اور دونوں ممالک کے میڈیکل کے طلباء کو حکومت سے منظور شدہ یونیورسٹیوں میں داخلہ لینے کی اجازت دینے میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گے ۔