نگہبان رمضان پیکج اورستھرا پنجاب کی کامیابی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں، ڈپٹی کمشنر

513
Ramadan Package
Ramadan Package

فیصل آباد ۔ 08 مارچ (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے کہا ہے کہ نگہبان رمضان پیکج اورستھرا پنجاب پروگرام کی کامیابی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے نگہبان رمضان پیکج کے تحت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رجسٹرڈ خواتین کی ویریفیکیشن کا عمل مزید تیز کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز ماتحت افسران وسٹاف کو متحرک کریں۔ تصدیقی عمل میں سست روی کی گنجائش نہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ آٹا،چاول،چینی،گھی اور بیسن پر مشتمل راشن پیکٹ مستحقین کی دہلیز پر پہنچانے کے ٹاسک کو ہر قیمت پر پورا کرنا ہے۔

اجلاس میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس پر سی ای او ہیلتھ سے رپورٹ لی اور کہا کہ یونیورسل ہیلتھ انشورنس پر قائمہ ہدایات کے مطابق عملدرآمد ناگزیر ہے۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ستھراپنجاب پروگرام بلاتعطل جاری رکھیں۔صفائی اپریشن،سٹریٹ لائٹس فعال، تجاوزات کا صفایا، پارکس صاف،شجرکاری مہم،گرین بیلٹس کی تزئین ودیگر اہداف کی تکمیل یقینی بنائیں جبکہ تعلیمی اداروں میں ستھرا پنجاب پروگرام بارے آگاہی لیکچرز کا دائرہ وسیع کیا جائے۔

دریں اثناء ضلع میں ” ستھراپنجاب” پروگرام پر بلاتعطل عملدرآمد جاری اوروزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی تکمیل یقینی بنانے کیلئے کمشنر /ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن سلوت سعید کی زیرنگرانی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن محمد زبیر وٹو نے ٹیموں کے ہمراہ تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا۔ چوک گھنٹہ گھر وملحقہ بازاروں میں دکانوں کے باہر پڑا تجاوز شدہ سامان ضبط کرلیاگیا۔کمشنر/ایڈمنسٹریٹرنے کہا کہ تجاوزات مافیا کے خلاف بلاامتیاز ایکشن کا سلسلہ جاری رہے گا،کسی کو شہری خوبصورتی میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ستھراپنجاب پروگرام کے اہداف کی سو فیصدتکمیل ٹارگٹ ہے جس کی انجام دہی کیلئے تمام متعلقہ محکمے سرگرم ہیں۔