راولپنڈی۔19مارچ (اے پی پی):نگہبان رمضان پیکیج کے تحت ضلع بھر میں ایک لاکھ 15 ہزار مستحقین میں سے 76 ہزار 972 مستحقین کو راشن ان کے گھر کی دہلیز پر پہنچا دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے کہا ہے کہ نگہبان رمضان کے تحت 67 فیصد عملدرآمد کیا جا چکا ہے، نگہبان رمضان پیکیج کے تحت راشن مستحقین کے گھروں تک شفافیت کے ساتھ پہنچایا جا رہا ہے اور تمام ٹیموں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان پیکیج کی تقسیم کا عمل مزید تیز کیا جا رہا ہے اور آئندہ دنوں میں اس میں مزید بہتری آئے گی۔