ڈیرہ غازی خان۔ 14 مارچ (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ارکان اسمبلی پر مشتمل ڈیرہ غازی خان کی مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا،جس میں مانیٹرنگ کمیٹی کے چیئرمین سردار احمد خان لغاری،ممبران محمدحنیف خان پتافی، سردار صلاح الدین کھوسہ اور ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین مانیٹرنگ کمیٹی سردار احمد خان لغاری نے کی۔اجلاس میں نگہبان پیکج،رمضان بازاروں اور ستھرا پنجاب کے امور کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے تمام معاملات پر بریفنگ دی۔ چیئرمین مانیٹرنگ کمیٹی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز گڈ گورننس،صفائی،بیوٹیفکیشن اور عوام کو فوری ریلیف کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی قائدین ڈیرہ غازی خان کی ترقی،خوشحالی کے لئے ضلعی انتظامیہ کو مکمل سپورٹ فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ نگہبان پیکیج،سستی اشیائے خوردونوش کے ثمرات عوام تک ضرورپہنچائے جائیں۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی محمدحنیف خان پتافی نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر دستیاب سستی اشیا کی مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں اور ڈیرہ غازی خان شہر میں نکاسی آب کے لئے میگاپراجیکٹ پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
رکن صوبائی اسمبلی سردار صلاح الدین کھوسہ نے کہا کہ نواحی علاقے کالا اور شادن لنڈ سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کے لئے افرادی قوت فراہم کی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سیاسی قیادت کو ساتھ لے کر چلیں گے، انتظامیہ،عوامی نمائندوں کا ضلع کی ترقی کے لئے ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا ہونا خوش آئندہے،چیئرمین و ممبران مانیٹرنگ کمیٹی کی زیرنگرانی حکومت پنجاب کے اقدامات پر موثر عمل درآمد کرائیں گے۔اجلاس میں ضلعی انتظامیہ کی ڈیرہ غازی خان میں نگہبان رمضان پیکیج،صفائی و دیگر امور بارے انتظامات کو سراہا گیا۔