نہری پانی کی چوری روکنے کیلئے کسی بھی شخصیت کی سماجی حیثیت کو خاطر میں نہ لانے کی ہدایت

144
water level
water level

فیصل آباد۔ 29 نومبر (اے پی پی):حکومت پنجاب نے تمام اضلاع میں نہری پانی کی چوری روکنے کیلئے فوری طور پر تحصیل سطح پر خصوصی کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے جن کے سربراہ متعلقہ تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنر ز اور ممبران ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس و سب ڈویژنل آفیسر محکمہ انہار ہونگے۔فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے بتایاکہ یہ کمیٹیاں نہری پانی کی چوری روکنے اور عادی پانی چوروں کے خلاف کارروائی یقینی بنانے کیلئے آپریشن کریک ڈاؤن کریں گی۔

انہوں نے بتایا کہ کمیٹیوں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی شخص کی سماجی حیثیت سے مرعوب ہونے کی بجائے بلاامتیاز پوری قانونی قوت سے کارروائی عمل میں لائیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ انہار کے ایس ڈی اوز کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں نہری نظام کی مکمل حفاظت کیلئے اقدامات کریں اور پٹرولنگ کے دوران نہری پانی کی چوری کی وارداتوں کا خفیہ سراغ لگا کر اسسٹنٹ کمشنرز کو آگاہ کریں جو چھاپہ مارنے کیلئے اقدامات کریں گے۔

انہوں نے بتایاکہ اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بھی اس سلسلہ میں کی گئی کارروائی کی رپورٹ ڈی سیز کے ذریعے متعلقہ کمشنر کو ارسال کریں۔