نیب راولپنڈی نے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا

103

اسلام آباد ۔ 17 اکتوبر (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے گوادر میں نام نہاد پراپرٹی کاروبار کی آڑ میں لوگوں سے مبینہ طور پر خطیر رقم بٹورنے والے تین ملزمان اظہر محمود اعوان ولد عبدالوحد، امتیاز احمد ولد عبدالوحد اور رضوان اکبر مغل ولد محمد اکبر مرزا کو گرفتار کر لیا ہے۔ نیب کی طرف سے پیر کو جاری بیان کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر گوادر سٹی سنٹر میں سرمایہ کاری اور دکانوں کی الاٹمنٹ کے نام پر عوام الناس سے 72 ملین روپے بٹورے حالانکہ گوادر میں مجوزہ شاپنگ مال منصوبہ کبھی وجود میں ہی نہیں آیا اور جی ڈی اے سے این او سی بھی منسوخ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق منصوبہ کی مجوزہ اراضی کبھی بھی ملزمان اور ان کی کمپنی کی ملکیت نہیں تھی۔ ملزمان نے پراپرٹی ڈویلپمنٹ میں سرمایہ کاری کیلئے خطیر رقم وصول کی اور شکایت کنندگان اور اظہر محمود اعوان، امتیاز احمد اور رضوان کبر مغل کے درمیان اس حوالہ سے معاہدے ہوئے۔ بعض شکایت کنندگان جنہوں نے سرمایہ کاری کے مقاصد کیلئے فنڈز جمع کرائے، کچھ عرصہ کیلئے تو منافع وصول کیا تاہم بعد ازاں ملزمان نے نہ تو منافع ادا کیا اور اصل زر کی ادائیگی بھی نہیں کی۔ دیگر شکایت کنندگان جنہوں نے کمرشل پراپرٹی کی ملکیت کی امید میں سرمایہ کاری کی انہیں بھی کچھ حاصل نہ ہوا۔