نیب عالمی اقتصادی فورم کے مسابقتی اشاریوں میں 4 درجہ بہتری سے 122 ویں نمبر پر آ گیا ، چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری

95

اسلام آباد ۔ 08 جون (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان گذشتہ سال کے مقابلہ میں 2016-17ءمیں عالمی اقتصادی فورم کے مسابقتی اشاریوں میں 4 درجہ بہتری سے 122 ویں نمبر پر آ گیا ہے، نیب کی انسداد بدعنوانی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور گذشتہ تین سالوں کے دوران پاکستان کی درجہ بندی میں مسلسل بہتری آ رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف ایگزیکٹو آفیسر مشال اور عالمی اقتصادی فورم کے نمائندے عامر جہانگیر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب افسران معاشرہ سے بدعنوانی کی لعنت کے خاتمہ کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں جس کی وجہ سے پاکستان کی بدعنوانی کی روک تھام کے حوالہ سے درجہ بندی میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اقتصادی فورم کے عالمی مسابقتی اشاریہ میں بہتری سے قوموں میں پاکستان کا تشخص بہتر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی سے عام آدمی سب سے زیادہ متاثر ہوتا ہے جب اس کی فلاح و بہبود کیلئے استعمال ہونے والے فنڈز خوردبرد کر لئے جاتے ہیں تاہم پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری سے بالآخر عام آدمی کو فائدہ پہنچے گا اور فنڈز ان کی فلاح و بہبود، صحت، تعلیم اور صاف پانی کی فراہمی سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے استعمال کئے جائیں گے۔