نیب میں پیشی کے موقع پر پیش آنے والے واقعات کے تدارک کے لئے حدود و قیود طے ہونی چاہئیں’ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

اسلام آباد ۔ 11 اگست (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے لاہور میں مریم نواز کی نیب میں پیشی کے موقع پر پیش آنے والے مبینہ واقعہ سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کے طرز عمل سے کوئی سیاسی فائدہ نہیں پہنچ سکتا’ اس قسم کے واقعات کے تدارک کے لئے حدود و قیود طے ہونی چاہئیں’ کوئی ذی شعور آدمی اس قسم کی حرکت نہیں کر سکتا’ اس واقعہ کی تحقیقات کرائیں گے۔ منگل کو قومی اسمبلی میں خواجہ آصف کے نکتہ اعتراض کے جواب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم مشرقی روایات کی قدر کرتے ہیں۔ نیب کی پیشیاں ہوتی ہیں دیگر قائدین بھی پیش ہوتے رہے ہیں۔ ماضی میں ایسا واقعہ پیش نہیں آیا۔ ضرور اس کی تحقیق ہونی چاہیے۔ احترام اور آداب کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے۔ پولیس ہو ‘ پنجاب حکومت ہو کسی کی بھی ایسی حرکت سے سیاسی فائدہ نہیں پہنچ سکتا۔ ہم اس حوالے سے معلومات حاصل کرکے اصل حقائق کا پتہ کرسکتے ہیں۔ آئندہ اس قسم کا واقعہ نہ ہو اس کا تدارک کرنے کے لئے حدود و قیود طے کر لیتے ہیں۔ ان حالات میں سب کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ کوئی ذی شعور آدمی اس قسم کی حرکت نہیں کر سکتا۔ ہم اس واقعہ کی تحقیقات کرائیں گے۔