اسلام آباد ۔ 9 جون (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کرپشن فری پاکستان پر ایمان رکھتا ہے، میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے، بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے، نیب ملک کو بدعنوانی سے پاک کرنے کیلئے اس لعنت سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے، آگاہی، تدارک اور قانون پر عمل درآمد کی سہہ جاتی پالیسی کے تحت فعال بنایا گیا ہے۔ نیب کے بیان کے مطابق چیئرمین نیب نے کہا کہ پلڈاٹ، مشال پاکستان، گیلپ اینڈ جیلانی سروے، ٹرانسپرینسی انٹرنیشنل اور ورلڈ اکنامک فورم جیسے قومی اور بین الاقوامی معتبر اداروں نے نہ صرف نیب کی کارکردگی کو سراہا ہے بلکہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ نیب کی بلاامتیاز کوششوں کے باعث 59 فیصد پاکستانی اس پر اعتماد کرتے ہیں، نیب کو گزشتہ سال 44315 شکایات موصول ہوئیں جوکہ 2019ءمیں گزشتہ سال کے مقابلے میں دوگنا ہیں، نیب نے متعلقہ احتساب عدالتوں میں 590 بدعنوانی کے ریفرنس متعلقہ احتساب عدالتوں میں دائر کئے ہیں جوکہ گزشتہ پانچ سال کے مقابلے میں نیب کی شاندار کارکردگی ہے۔